عرفان اقبال شیخ

لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹیاں بہترین کام کررہی ہیں‘عرفان اقبال شیخ

لاہور(عکس آن لائن ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا ہے کہ لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹیاں بہترین کام کررہی ہیں اور ان کے کنوینرز اپنے شعبوں کے ماہر ہیں، انہیں ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا بہترین کردار اسی طرح ادا کرتے رہنا چاہیے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹیوں کے کنوینرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر علی حسام اصغر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ صنعت و تجارت کی بحالی و ترقی میں ان سٹینڈنگ کمیٹیوں کا کردار بہت اہم ہے، انہیں اپنے متعلقہ شعبوں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے رہنا چاہیے تاکہ بہترین تجاویز مرتب کرنے کا سلسلہ جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کی تجاویز کو اہمیت سے حکومت کو کاروباری شعبے اور معیشت کو درپیش مسائل کے قلیل المدت اور طویل المدت حل تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشی مضبوطی کے برآمدات بڑھانا بہت ضروری ہے، یہ قیمتی زرمبادلہ ملک میں لاتیں، حکومت کے لیے ریونیو اور افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں لہذا حکومت کو وہ رکاوٹیں دور کرنی چاہئیں جو برآمدات کے فروغ کی راہ میں حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کے لیے ضروری خام مال پر ڈیوٹی یا تو ختم یا پھر انتہائی کم کردی جائے تاکہ پاکستانی صنعت میں مقابلہ کرنے کی قوت بڑھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی کے خاتمے یا پھر کمی سے انڈسٹری معیاری خام مال وغیرہ درآمد کرسکے گی جس سے مصنوعات کا معیار مزید ہوگا اور یہ عالمی منڈی میں زیادہ بہتر مقام حاصل کرسکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے، سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات کی جانی ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے تازہ مارکیٹ ریسرچ رپورٹس تیار کرکے پاکستانی چیمبرز کو بھجوائیں۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی زیادہ قیمتیں بھی مقامی انڈسٹری میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو متاثر کررہی ہیں، ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی درجے بہتری کے بعد کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان کی رینکنگ 108ہے مگر اصلاحات کے ذریعے اس میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں