وزیراعظم شہباز شریف

وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس، 9 مئی واقعات میں پی ٹی آئی کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(عکس آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں پاکستان تحریک انصاف کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز وزیر اعظم شہبازشریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے خصوصی اجلاس میں نگران دور حکومت میں 9 مئی واقعات کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی جس میں تحریک انصاف کے 9 مئی میں براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے اس سے متعلق قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کابینہ اراکین نے 9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منطقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین کا کہنا تھا کیپیٹل ہل میں ملوث عناصر کو سزا ہوئی تو 9 مئی کے مجرمان کو اب تک سزا کیوں نہ ہوئی۔