یوٹیلٹی سٹور

یوٹیلٹی سٹور پر آٹے اور چینی کی قلت، جڑواں شہروں میں آٹا 70 روپے فی کلو تک پہنچ گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں آٹے قیمت 70 روپے فی کلو سے زائد تک پہنچ گئی ہے۔ سروے کے مطابق بڑے سٹوروں پر چکی آٹا 69 روپے سے 71 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ نجی چکیوں پر 50 روپے والا آٹا 65 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے۔

بعض خدا خوفی رکھنے والے چکی مالکان نے چکیاں بند کر دی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انہیں سرکاری نرخوں پر گندم نہیں مل رہی وہ ذخیرہ اندوزوں سے مہنگی گندم خرید کر لوگوں کی بد دعائیں نہیں لینا چاہتے اس بنا پر انہوں نے سرکاری نرخوں پر گندم کی دستیابی تک چکیاں بند کر دی ہیں۔ سید پور روڈ پر ایک چکی والے نے بتایا کہ وہ 65 روپے کلو آٹا اس لئے بیچ رہا ہے کیونکہ اسے مقامی طور پر 62 روپے میں گندم کی خریداری کرنا پڑ رہی ہے۔

یوٹیلٹی سٹور پر عام مل کا 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 میں جبکہ کھلی مارکیٹ میں 810 سے 850 تک میں فروخت ہو رہا ہے۔ کئی یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا اور چینی دستیاب ہی نہیں ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اور مقامی شہری انتظامیہ کو اس صورتحال کا نوٹس لینا چاہئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں