وزیر اعظم عمران خان

کشمیریوں پر بھارتی ظلم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد(عکس آن لائن)صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں پر بھارتی ظلم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے بھارتی فوج کی قید میں انتقال کرنے والے کشمیری حریت لیڈر اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم عالمی برادری کے اجتماعی ضمیر پر دھبہ ہیں، ہم سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں بھارتی قید میں وفات پاجانے والے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہریدکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔

صدرمملکت نے کہا کہ بھارت حریت قیادت کو قید میں رکھ کر آزادی کے جذبے کو دبا نہیں سکتا۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظالمانہ ہتھکنڈوں کے خلاف ان کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت قید حریت قیادت اور بے گناہ کشمیریوں کو فی الفوررہا کرے۔اقوام ِ متحدہ اور بین الاقوامی قیادت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بین الاقوامی برادری کشمیر کے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرے۔صدرمملکت نیمرحوم کی درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں