دھان

کاشتکار30جون تک باسمتی چاول کی تمام اقسام کاشت کرلیں ،محکمہ زراعت پنجاب

فیصل آباد (عکس آن لائن ) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق دھان کے کاشتکار فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے باسمتی اقسام سپر گولڈ،سپر باسمتی 2019 ،سپرباسمتی،باسمتی515،چناب باسمتی،پنجاب باسمتی ،

پی کے1121 ایرومیٹک،نیاب باسمتی2016اور نور باسمتی کی کاشت25 جون تک جبکہ شاہین باسمتی اورکسان باسمتی کی30جون تک کاشت مکمل کریں۔

ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ موٹی اقسام اری6، کے ایس282 ، کے ایس کے 133 ، نیاب اری9 ،نیاب 2013اورکے ایس کے434کی کھیت میں پنیری کی منتقلی7 جولائی تک مکمل کر لیں۔

دھان کے کاشتکار غیر منظور شدہ اور ممنوعہ اقسام ہرگز کاشت نہ کریں کیونکہ ان کی ملاوٹ کی وجہ سے چاول کا معیار متاثر ہوتا ہے اورعالمی منڈی میں قیمت کم ملتی ہے۔

دھان کی فصل کو بکائنی اور دیگر بیماریوں سے بچانے کے لئے بیج کو کاشت سے پہلے سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر ضرور لگائیں۔

اگر کدو کے طریقہ سے پنیری کاشت کرنا ہو تو بیج کی مقدار سے سوا گنا زیادہ پانی لیں اور اس میں محکمہ زراعت کا زہر کی سفارش کردہ مقدارحل کریں اور بیج کو اس محلول میں24گھنٹے کے لیے بھگو دیں اس کے بعد بیج کو نکال کر سایہ دار جگہ پر رکھ کر دبو دیں

اور چھٹے کے لئے تیار کر لیں۔ اگرخشک طریقہ سے پنیری کاشت کرنا ہو تو کاشت سے دو ہفتے قبل خشک بیج کو زہرلگالیں۔بیج کی تیاری کے لئے اس کو 24گھنٹے کے لئے پانی میں بھگو دیں .

اور پھر سایہ دار جگہ میں فرش پر انڈیل کر 15تا20 کلو گرام کی ڈھیریوں میں رکھیں اور گیلی بوریوں سے ڈھانپ دیں یعنی دبو دیں۔ دن میں دو تاتین مرتبہ بیج پر پانی چھڑکتے رہیں تاکہ یہ خشک نہ ہو جائے۔36تا 48گھنٹے میں بیج انگوری مارلے گا۔

اگر تصدیق شدہ بیج کی عدم دستیابی کی وجہ سے گھر کا بیج استعمال کرنا ہو تو بیج کو بھگونے سے پہلے20لیٹر پانی میں500گرام خوردنی نمک ڈال کر حل کریں اور بیج کو اس میں بھگودیں۔ ناقص اور ہلکا بیج اوپر آ جائے گا۔اسے نتھار کر الگ کر لیں۔

بعد ازاں بیج کو پانی سے دھوکر اچھی طرح صاف کرلیں۔ بوائی سے پہلے دوہری راؤنی کرکے ہل چلا ئیں۔ اگر دھان کی کاشت وتر حالت میں کی گئی ہو تو بوائی کے فوراً بعد قبل از اگاؤاثرکرنے والی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کریں ۔

اگر کاشت خشک زمین میں کی گئی ہو تو کاشت کے فوراً بعد پانی لگائیں اور اگلے دن قبل از اگاؤ اثرکرنے والی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کریں ۔ خیال رہے کہ کھیت میں پانی کھڑا نہ ہو ،اگر کھڑا ہو تو نکال دیں۔

اگی ہوئی جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے لیے بوائی کے 15تا18دن بعد وتر حالت میں بعد از اگاؤ اثرکرنے والی سفارش کردہ جڑی بوٹی مار زہر کا سپرے کریں۔ بعض اوقات زہر کا ایک ہی سپرے کافی ہوتا ہے۔

اگر جڑی بوٹیاں دوبارہ اگ آئیں توبوائی کے 40 دن بعد دوبارہ سپرے کریں۔ سپرے کے وقت کھیت تر وتر حا لت میں ہونا چاہئیے۔ دونوں مرتبہ سپرے کے 3 تا 24گھنٹے کے بعد کھیت کو پانی ضرور لگا دیں اور 3تا 4دن تک پانی کھڑا رکھیں۔

باسمتی اقسام کے لئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی، دو بوری یوریا اور ایک بوری ایس او پی فی ایکڑ استعمال کریں۔ ڈی اے پی اور ایس او پی کی پوری مقدار بوائی کے وقت ڈال دیں۔

یوریا کی پونی بوری بوائی کے 30 تا 35 دن بعدجڑی بوٹیاں مکمل طور پر تلف کرکے ڈالیں ۔ اس کے بعد حسب ضرورت آدھی تا پونی بوری یوریا فی ایکڑڈال دیں۔ یوریا کی بقیہ مقدار بوائی کے 55تا60 دن بعد ڈال دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں