مونگ کی کاشت

پنجاب کے مونگ کے زیر کاشت رقبے کے 80 فیصدسے بھی زیادہ ہوگیا

مکوآنہ (عکس آن لائن)ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاہے کہ میانوالی، بھکر، لیہ اور مظفر گڑھ کے اضلاع میں مونگ کی کاشت میں زبردست اضافہ ہونے سے ان اضلاع میں مونگ کی کاشت کا رقبہ پنجاب کے مونگ کے زیر کاشت رقبے کے 80 فیصدسے بھی زیادہ ہوگیاجس میں مزید اضافہ کا بھی امکان ہے۔

مونگ موسم خریف اور بہار میں کاشت کی جانے والی اہم فصل ہے جبکہ دالوں کی غذائی اہمیت کے پیش نظر دالوں کی پیداوار میں اضافہ بہت ضروری ہے کیونکہ دالیں سستے داموں 20 سے 25 فیصد تک پروٹین یعنی لحمیات فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہار کے موسم میں مونگ کی کاشت مارچ کے آخر تک کی جا سکتی ہے البتہ مارچ کا دوسرا ہفتہ مونگ کی کاشت کیلئے زیادہ موزوں ہے جس کیلئے کاشتکار10سے12کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ فی ایکڑ پودوں کی مناسب تعداد حاصل ہو سکے۔

ترجمان آری کا کہنا تھا کہ مونگ کے پودوں کی تعداد1 لاکھ 60ہزار سے1 لاکھ 80ہزارتک ہونی چاہیے نیز بیج کو تھائیوفنیٹ میتھائل بحساب 2 سے 3 گرام فی کلو گرام لگا کر کاشت کریں تاکہ فصل پھپھوندی کی وجہ سے لگنے والی بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں کیلئے ازری مونگ 2006، نیاب مونگ2006، نیاب2011، نیاب مونگ 2016 مونگ، بہاول پور مونگ 2017، ازری مونگ 2018، پی آر آئی مونگ 2018وغیرہ کی منظور شدہ ترقی دادہ اقسام ہیں جبکہ چکوال مونگ 6بارانی علاقوں کیلئے منظور شدہ قسم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقسام بہتر پیداواری صلاحیت اور وائرسی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہیں تاہم بیج کو جراثیمی ٹیکہ لگا کر کاشت کرنے سے پودے کی ہوا سے نائٹروجن حاصل کرنے کی صلاحیت بڑھ جاتی ہے اور پیداوار زیادہ حاصل ہو تی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیج کو ٹیکہ لگانے کیلئے ایک گلاس (250 ملی لٹر) میں 50 گرام گڑ،

چینی یا شکر ملا کر شربت کی صورت میں 10 کلو گرام بیج پر چھڑکیں اس میں ٹیکہ کے پیکٹ پر درج مطلوبہ مقدار ملا کر ہاتھ سے بیج اور ٹیکہ کو اچھی طرح ملائیں تا کہ ٹیکہ یکساں طور پر بیج کو لگ جائے، بعدا زاں بیج کو سایہ دار جگہ پر خشک کریں اور پھر جلدی کاشت کریں ورنہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکہ کی افادیت بتدریج کم ہو جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیج کو دوائی اور ٹیکہ دونوں لگانے کی صورت میں پہلے دوائی اور بعد میں ٹیکہ لگائیں تا کہ ٹیکہ میں موجود جراثیم پر دوائی کا برا اثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹیکہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد،نیاب اور نبجی جھنگ روڈ فیصل آباد سے دستیاب ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں