پانی

حکومت پانی کا ہر ایک قطرہ محفوظ بنانا چاہتی ہے ،یہ عشرہ ڈیمزبنانے کا عشرہ ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور ( عکس آن لائن) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ یہ عشرہ ڈیمزبنانے کا عشرہ ہے اور حکومت مستقبل کی انتہائی اہم ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے ، ہم نے پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بنا کر اوراس کا بہتر استعمال کر کے پاکستان کی زراعت اور خوراک کا مسئلہ حل کرنا ہے ،حکومت ایسا منصوبہ لا رہی ہے جس کے تحت کسان مارکیٹ میں صحیح قیمت ملنے تک اپنی فصل کو سٹوریج میں رکھ سکے گا اور اسے اپنی آئندہ فصل کی کاشت او رضروریات کیلئے مڈل مین کی بجائے سٹوریج میں رکھی گئی فصل کے عوض بینکوں سے قرضہ ملے گا ۔ اپنے ایک بیان میں معاون خصوصی فوڈ سکیورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے زراعت کی ترقی کا صرف ڈھنڈورا پیٹا ہے اور ملک کی بڑھتی ہوئی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیدا وار بڑھانے کیلئے کوئی حکمت عملی نہیں بنائی گئی ، زراعت سے صرف آبادی کے لئے خوراک کی ضروریات پوری نہیں ہوتیں بلکہ بلکہ اس سے ہماری انڈسٹریز بھی چلتی ہیں ۔

پانی کا مسئلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ سنگین ہوتا گیا لیکن اس جانب بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دس ڈیمز بنا رہی ہے اور یہ عشر ہ ڈیمز بنانے کا عشرہ ہے ، ہم نے ہر سال اربوں روپے مالیت کے پانی کو سمندر میں گر کر ضائع ہونے سے بچانا ہے اور اس پانی کے ایک ایک قطرے کو نہ صرف محفوظ بنانا ہے بلکہ اس کا بہتر سے بہتر استعمال یقینی بنا کر پاکستان کی زراعت اور خوراک کا مسئلہ حل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کامیاب ممالک کی سٹڈی کی پیروی کرتے ہوئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبوں پر عمل پیرا ہے جس کے آنے والے سالوں میں انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں