گندم کی فصل

گندم کی فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوارحاصل ہو گی، ماہرین زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل ۱ٓباد کے زرعی ماہرین نے ملک بھر کے کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بارش اور تیز ہوا کی صورت میں اپنی فصلا ت پر کیڑے مار ادویات کے سپرے سے گریز کریں تاکہ اس کا اثر زائل ہو نے سے بچانے سمیت مالی نقصان سے بھی بچا جا سکے نیز کاشتکار محکمہ زراعت کے افسران کی مشاورت سے منظور شدہ ادویات کا سپرے کریں تاکہ فصل کو کیڑے مکوڑوں سے بچا کر فی ایکڑ زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔

کاشتکاروں کے نام پیغام میں انہوں نے کہا کہ زراعت کی ترقی میں کیڑے مار ادویات کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی سہولت کیلئے فری ہیلپ لائن بھی قائم کر رکھی ہے جبکہ محکمہ زراعت کا عملہ ہمہ وقت ان کی خدمت کیلئے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسان میں شعور و آگاہی پید انہیں ہو گی اس وقت تک زرعی خود کفالت کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔انہوں نے کاشتکاروں کو گندم کوموسمی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی بروقت حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ فصل کی جس قدر بہتر نگہداشت کی جائے گی اسی قدر بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہو سکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ گندم کی زیادہ اگیتی اور زیادہ پچھیتی کاشتہ فصل کو مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے یوریا کی مناسب مقدار استعمال کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی لگانے کی صورت میں کھیت کا درجہ حرارت اچانک کم نہیں ہوتا اور پودوں میں کورے کے خلاف قوت مدافعت بھی پیدا ہو جاتی ہے ۔ انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ اگر کاشتکار زمین کے وتر آنے پر فوری گوڈی کریں تو کھیت میں محفوظ نمی اوپر آنے سے کھیت کا درجہ حرارت کم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اگر کاشتکار فصل کو نقصان سے بچائیں تو فی ایکڑ زیادہ پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکتاہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں