چیف جسٹس

گلگت والوں کو بھی دیگر شہریو ں کے مساوی خقوق ملنے چاہیے، چیف جسٹس گلزار احمد

اسلام آباد (عکس آن لائن ) چیف جسٹس نے گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے متعلق کیس میں ریمارکس دئیے کہ گلگت بلتستان کے شہریوں کو بھی وہی حقوق ملنے چاہیں جو پاکستانی شہریوں کو حاصل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سات رکنی لارجر بینچ نے کی۔اس موقع پر اٹارنی جنرل نے موقف اختیار کیا کہ گلگت بلتستان کی حکومت کی موجودہ مدت چوبیس جون کو ختم ہو رہی ہے،جبکہ گلگت بلتستان آرڈر دوہزار اٹھارہ نگران سیٹ اپ کے حوالے سے خاموش ہے،لہذا عدالت اپنے دوہزار انیس کے حکم میں نگراں حکومت کے حوالے سے احکامات جاری کرے۔جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ اس سے پہلے بھی گلگت بلتستان حکومت کی مدت ختم ہوتی رہی ہے ماضی میں گلگت بلتستان میں الیکشن کس قانون کے تحت ہوتے رہے،سپریم کورٹ کے دوہزار انیس کے فیصلے کے بعد حکومت نے قانون سازی کیوں نہیں کی؟

گلگت بلتستان کے لیے پہلے بھی صدارتی آرڈر جاری ہوتے رہے اب بھی کر لیں۔جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ دوہزار پندرہ کا الیکشن آرڈ ر دوہزار نو کے تحت ہوا،نئی قانون سازی میں اگست دوہزار انیس میں ریجن میں ہوئی تبدیلوں کو بھی مدنظر رکھنا ہے۔اس موقع پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ گلگت ببلتستان کی بڑی سیاسی اور عالمی اہمیت ہے،گلگت بلتستان کی گورننس آوٹ اسٹینڈنگ ہونی چاہیے حکومت نے جو کرنا ہے خود کرے، بعد ازاں عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل گلگت بلتستان کو نوٹس جاری کرتے ہو ئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں