چنے کی کاشت

چنے کی کاشت پر 2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی کی فراہمی دی جا رہی ہے

راولپنڈی(عکس آن لائن)ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کو چنے کی کاشت پر 5 ایکڑ تک بذریعہ واﺅچر 2 ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ کاشتکار دیسی چنے کی ترقی دادہ اقسام بٹل 2016، نیاب سی ایچ 104، نیاب سی ایچ 2016، بھکر 2011، پنجاب 2008، بلکسر 2000، ونہار 2000 اور بٹل 98 جبکہ کابلی چنے کی ترقی دادہ اقسام نور 2019، نور 2013، ٹمن 2013 اور نور 2009 کا صحت مند بیج استعمال کریں۔

کاشتکار چنے کی کاشت سے قبل بیج کو پھپھوندی کش زہر اور جراثیمی ٹیکہ ضرور لگائیں۔ دیسی و کابلی چنے کی عام جسامت والے دانوں کا صاف ستھرا، صحتمند بیج 30 کلو گرام اور موٹے دانوں کی اقسام کا 35 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں۔ چنے کی کاشت بذریعہ ڈرل یا پور کریں تاکہ بیج کی روئیدگی اچھی ہو۔ قطاروں کا درمیانی فاصلہ 30 سینٹی میٹر (1 فٹ) اور پودوں کا درمیانی فاصلہ 15 سینٹی میٹر (6 انچ) ہونا چاہیے۔ میرا زمینوں اور زیادہ بارش والے علاقوں میں قطاروں کا درمیانی فاصلہ 45 سینٹی میٹر (ڈیرھ فٹ) رکھیں۔

آبپاش علاقوں میں چنے کو ڈیرھ بوری ڈی اے پی کھاد فی ایکڑ ڈالیں۔ کھاد بوائی کے وقت زمین کی تیاری کے دوران ڈالنی چاہیے۔ بارانی علاقہ جات میں جہاں وتر موجود ہو وہاں ایک بوری ڈی اے پی فی ایکڑ بوقت کاشت ڈالیں۔ جن ریتلے بارانی علاقوں میں بوائی بغیر زمین کی تیاری کی جاتی ہے وہاں کھاد سیاڑوں کے ساتھ ڈرل کریں۔ اگر جڑی بوٹیاں اُگ آئیں تو ابتدائی مر حلہ میں ان کا تدارک بھی یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں