فیاض الحسن چوہان

پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام جلد نافذ کیا جائے گا، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے، فیاض الحسن چوہان

لاہور (عکس آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی نظام جلد نافذ کیا جائے گا، اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب نے ماضی کی اقربا پروری کی روایت کو ختم کیا ہے اور صوبے بھر میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

بدھ کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ماضی کی اقرباءپروری کی روایات کو ختم کر دیا ہے اور پنجاب حکومت نے جلالپور کینال سسٹم کا منصوبہ مکمل کیا علامہ اقبال انڈسٹریل زون کا افتتاح بھی عوامی وعدے کی تکمیل ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹری زون سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بلدیاتی نظام کا نیا سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور ماضی میں بلدیاتی نمائندوں کے پاس کوئی اختیارات نہیں تھے،

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے ذریعے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں پنجاب میں 1500کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں اور 24ارب کی مالیت سے 9زرعی میگاپراجیکٹ شروع کئے جارہے ہیں جس کے تحت کھیتوں سے منڈیوں تک ایک ہزار کلو میٹر سڑکیںبحال کر دی گئی ہیں اربوں روپے کی سرکاری زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پہلی مرتبہ سکول اساتذہ کی ای ٹرانسفر پالیسی متعارف کرائی گئی ہے آئندہ تین ماہ میں 100نئے پرائمری سکول تعمیر کئے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں پرائمری تک ذریعہ تعلیم کےلئے اردو کو نافذ کیا ہے اور صوبے کے 9اضلاع میں یونیورسٹیوں کی تعمیر کاآغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پنجاب کے تمام اضلاع میں صحت انصاف کارڈ کا اجراءہو جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں