وزیراعلی سندھ

پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں، وزیراعلی سندھ

کراچی (نمائندہ عکس ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں،سیلاب سے پورا سندھ ڈوب گیا ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیر پگھل رہے ہیں،سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا۔وزیراعلی مراد علی شاہ اور گورنرآغا سراج درانی نے مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج 11 ستمبر کو کابینہ اراکین کے ساتھ بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے آئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے متعلق پاور ڈویژن اور وزیراعظم کو پیغام پہنچایا ہے، پاور کمپنیوں کی کارکردگی سے ہم مطمئن نہیں ہیں، لوگوں کی بحالی کا پروگرام بنایا ہے، کل لاڑکانہ میں تھا وہاں کراچی سےزیادہ گرمی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ ہم سب کو متاثرین کی مدد کرنی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آئے تھے، انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ تباہی انہوں نے نہیں دیکھی، یہ کلائیمنٹ چینج کا نتیجہ ہے، ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر کام کرنا ہوگا۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج ہمیں کشمیر کے عوام کو بھی یاد رکھنا چاہیے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جنیوا میں 160 بلین ڈالرز کی مد کیلئے اپیل کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے خود حالات دیکھ کر گئے ہیں، ہماری 50 بلین روپے کی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، ریکارڈ بارشوں کے باعث جو تباہی ہوئی ہے اس میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ابھی بھی رائیٹ بینک میں 2 تا 3 فٹ بارش ہوئی ہیں، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے گلیشیر پگھل رہے ہیں، زیادہ بارشیں ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 450 ایم اے ایف پانی آیا ہے، جس سے ہمارے 23 اضلاع ڈوب گئے، 3 سے 6 مہینے ان شہروں اور فصلوں سے پانی نکالنے میں لگیں گے، ہمارا اندازا ہے کہ سوا کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب گورنر سندھ آغا سراج درانی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سیاست سے پرہیز کریں، انہوں نے کہا کہ سیلاب نے عوام کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں