بیرسٹر علی ظفر

ایران اور اسرائیل کے معاملے پر وزیر خارجہ ایوان کو آگاہ کریں،بیرسٹر علی ظفر

اسلام آ باد (عکس آن لائن) سنی اتحاد کونسل کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے معاملے پر وزیر خارجہ ایوان کو آگاہ کریں،سیاسی انتقام جاری رہا تو ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا،پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی کی بدترین مثالیں قائم کی گئیں۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس کے دوران بیرسٹر علی ظفر نے ایوان سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 2 سالوں میں قانون سازی کو بلڈوز کیا گیا، نہ بحث کرائی گئی نہ بلز پڑھنے دیے گئے، ہمیں جہالت اور انتہا پسندی کے خلاف لڑنا ہے، ہمیں انہی دو مسائل کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کےخلاف انتقام کی انتہا کردی گئی، پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی کی بدترین مثالیں قائم کی گئیں، وکلا کو پیش نہیں ہونے دیا گیا،جیل میں ٹرائل ہوا اور 15 روز میں سزائیں دی گئیں، پی ٹی آئی کے ساتھ بدترین سیاسی انتقام لیا گیا، پی ٹی آئی سے مخصوص نشستیں چھین لی گئیں۔
انہوں نے دریافت کیا کہ قانونی چھوڑیں سیاسی طور پر دیکھیں تو کیا ایک بڑی جماعت کو مخصوص نشستیں نہیں ملنی چاہیے؟ الیکشن کمیشن چاہتا ہے پی ٹی آئی سیاسی عمل سے باہر نکل جائے، 3 بار انٹرا پارٹی الیکشنز کرائے اب پھر الیکشن کمیشن نے اعتراض کردیا، سیاسی انتقام جاری رہا تو ملک میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں