وزیر اعلی سندھ

وزیر اعلی سندھ کی گلبائی سے وائے جنکشن ماڑی پور روڈ 5 ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی (عکس آن لائن) وزیر اعلی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ گلبائی سے وائے جنکشن ماڑی پور روڈ 5 ماہ میں مکمل کیا جائے۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گلبائی سے وائے جنکشن ماڑی پور روڈ سے متعلق اجلاس ہوا۔شرکا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سڑک پر فروری سے کام شروع ہوگیا ہے۔

سڑک کی تعمیر 7 ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔ یہ روڈ 1.1 بلین روپے میں مکمل ہوگا۔ یہ سڑک 5.25 کلومیٹرز طویل ہے اور اس کی چوڑائی 10.5 میٹر ڈوئل کیریج وے ہے۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ فنڈز پورے دیئے ہیں تو کام 5 ماہ میں مکمل ہونا چاہئیے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے روڈ کے دونوں طرف 2600 میٹر اسٹروم واٹر ڈرین بنایا جائے۔

مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات کو روڈ کے ساتھ تجاوزات کو فوری ہٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں علاقے کا نکاسی آب کا نظام بھی ٹھیک کیا جائے۔ گلبائی سے وائے جنکشن تک روڈ کی تعمیر سے کراچی کے عوام کو ہاکس بے پکنک کرنے میں بڑی سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماڑی پور سڑک کی تعمیر سے پورے علاقے میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ سڑک کی تعمیر کے ساتھ ٹریفک کا ڈرائیوژن پلان بھی بنایا جائے۔

پلان کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی آن بورڈ لیا جائے۔ وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈرائیوژن پلان پر کام شروع کردیا گیا ہے۔اجلاس میں وزیر بلدیات ناصر شاہ، مشیر قانون مرتضی وہاب، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی، سیکریٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ، پی ڈی خالد مسرور اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں