تعطیلات

موسم سرما کی تعطیلات ختم، پنجاب بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھل گئے

لاہور( عکس آن لائن) موسم سرما کی تعطیلات کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے کھل گئے، شدید سردی کی وجہ سے سکولوں میں بچوں کی حاضری معمول سے کم رہی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم سرما کی تعطیلات ختم ہونے کے ساتھ بچوں کی موجیں بھی ختم ہو گئیں، صوبے بھر کے نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے 25دن بعد بدھ کے روز دوبارہ کھل گئے ، پنجاب حکومت نے 18دسمبر سے 31دسمبر 2023 تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا تاہم موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعطیلات میں 9جنوری 2024 تک اضافہ کیا گیا تھا۔

تعطیلات ختم ہونے کے باوجود سردی کی شدت میں کمی نہ آنے پر صوبائی حکومت کی جانب سے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیئے گئے، نوٹیفکیشن کے مطابق 10سے 22جنوری تک تمام سکول صبح ساڑھے 9سے دوپہر اڑھائی بجے تک کھلیں گے، نگران وزیر اعلی پنجاب محسن رضا نقوی نے سردی سے بچنے کے لئے بچوں کو گرم ملبوسات پہننے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے سرد موسم کے باعث پرائمری سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز کے اوقات تبدیل کر دیئے۔محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹیوں میں توسیع کے بعد پرائمری سکول 8جنوری کے بجائے 15جنوری کو کھلیں گے جبکہ مڈل، ہائی اور ہائیر سیکنڈری سکولز صبح ساڑھے 8 کی بجائے ساڑھے 9بجے کھلیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں