جڑی بوٹیاں

فصلات کی جڑی بوٹیاں پیداوار میں 45فی صد کمی کا باعث ہیں ،ترجمان

راولپنڈی(عکس آن لائن)محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ فصلات کی جڑی بوٹیاں پیداوار میں 45فی صد کمی کا باعث ہیں کیونکہ فصلوں کی منافع بخش کاشت میں سب سے زیادہ خطرہ جڑی بوٹیوں سے ہے۔

ترجمان نے کہاکہ ایک محتاط اندازے کے مطابق کیڑے مکوڑے 30 فیصد، بیماریاں 20 فیصد جبکہ جڑی بوٹیاں فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں 45 فیصد تک کمی کا باعث بنتی ہیں۔ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد میں جڑی بوٹیوں پر کی گئی تحقیق کے نتائج کے مطابق جڑی بوٹیاں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 14 تا 42 فیصد، کپاس 3 تا 41 فیصد، دھان 17 تا 39 فیصد، گنا 10 تا 35 فیصد، مکئی 24 تا 47 فیصد، دالیں 25 تا 55 فیصد، تیلدار اجناس 21 تا 45 فیصد اور سبزیات 39 تا 89 فیصد کم کر دیتی ہیں۔

جڑی بوٹیاں قیمتی زرعی وسائل کے لیے بہت بڑ ا خطرہ بن کر سامنے آئی ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ زرعی وسائل جن کو جڑی بوٹیاں بہت زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں ان میں پانی، خوراک، روشنی اور جگہ بہت اہم ہیں۔ فصلوں کی منافع بخش کاشت کے لیے پانی بہت ضروری ہے مگر جڑی بوٹیاں زمین میں پہلے سے موجود پانی اور آبپاشی کی صورت میں دیا جانے والاپانی اپنی نشوونما کے لیے استعما ل کرکے ضائع کر دیتی ہیں۔

جڑی بوٹیاں فصلوں کے مقابلہ میں تیزی اور زیادہ گہرائی سے پانی حاصل کرتی ہیں۔ کاشتکار فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں