عمران خان

عمران خان کی مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مختلف مقدمات میں سابق وزیراعظم و چئیرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر21 جولائی تک توسیع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑاور دیگر مقدمات سے متعلق سماعت ہوئی۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتوں میں 21 جولائی تک توسیع کردی۔ عمران خان کی جانب سے ضمانت کی درخواستوں پرسیشن جج کامران بشارت مفتی نے سماعت کی۔

چئیرمین پی ٹی آئی کی جانب سے ان کے وکیل ڈاکٹر بابراعوان اور پراسیکیوٹر محمد واجد منیرعدالت میں پیش ہوئے۔ سیشن عدالت میں عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل بابراعوان نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ سیشن عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ عبدالغفور کاکڑ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف درج مختلف مقدمات کی بھی سماعت کی۔

عدالت نے 5 مقدمات میں عمران خان کی عبوری درخواست ضمانتیں پانچ پانچ ہزار روپے مچلکوں پر منظورکیں۔ عمران خان کی جانب سے عدالت پیش نہ ہونے سے متعلق حاضری سےاستثنی کی درخواست دائرکی گئی۔ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل ڈاکٹربابراعوان نے ضمانت کی درخواستوں پربحث مکمل کی۔ عمران خان کے خلاف تھانہ بھارہ کہو میں مقدمہ نمبر 501،500،لوہی بھیر میں مقدمہ نمبر 593 درج ہے۔ تھانہ کورال میں سابق وزیراعظم کے خلاف مقدمہ نمبر1078 اور تھانہ سہالہ میں 462 نمبر مقدمہ درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں