اسلام آباد ہائیکورٹ

ججز کے خلاف مہم،اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی کارروائی کیلئے کیس سماعت کے لیے مقرر

اسلام آباد(عکس آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ لارجر بینچز 14 مئی کو توہین عدالت کارروائی کے لیے کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس محسن اختر کیانی کے معاملے پر چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر جبکہ جسٹس بابر ستار کے خط پر جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس سردار اعجاز اسحق خان بینچ کا حصہ ہیں۔ واضح رہے کہ 9 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے دو لارجر بینچ تشکیل دے دیے تھے۔

7 مئی کو ججز کے خلاف بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے لکھا گیا خط سامنے آگیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے خط میں لکھا تھا کہ بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ 6 مئی کو جسٹس بابر ستار نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی ایسا ہی ایک خط لکھا تھا، جس میں انہیں نشانہ بنانے والی سوشل میڈیا مہم کے بارے میں بتایا گیا تھا۔