سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کی مستقلی کے بعد پے پروٹیکشن سے متعلق کیس میں محکمہ تعلیم کی اپیل خارج کر دی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپریم کورٹ نے محکمہ تعلیم کے ملازمین کی مستقلی کے بعد پے پروٹیکشن سے متعلق کیس میں محکمہ تعلیم کی اپیل خارج کر دی ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ڈیلی ویجز ملازمین کی کیا پالیسی ہے ؟ کیا یہ ڈیلی ویجز ملازمین یتیم خانہ ہیں؟ سیکرٹری ایجوکیشن ڈیلی ویجز ملازمین سے متعلق بتائیں ۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ عدالت ملازمین کی تقرری کے طریقہ کار بھی جائزہ لے ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ دس سال ملازمت کرواکر مستقل کیا گیا ہے ،ایف پی ایس سی نے بھی ملازمین کو اہل قرار دیا ہے ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ ملازمین کو نکال دیتے تو اور بات ہوتی ،اساتذہ کو ڈیلی ویجز بنیادوں پر نہیں رکھا جانا چاہیے ،کیا دس سال کسی کو ڈیلی ویجز پر رکھا جا سکتا ہے ؟۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ ان اساتذہ کو 120 روپے روزانہ کی تنخواہ پر بھرتی کیا گیا تھا ۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا حکومت نے اساتذہ کو دہیاڑی دار بنا دیا ہے؟ ۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کیا تعلیم کیساتھ یہ سلوک کرتے ہیں ؟۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ سروس ٹربیونل نے اساتذہ کو تعیناتی کے روز سے مراعات دینے کا حکم دیا تھا، قانون کے مطابق تعیناتی کے دن سے مراعات نہیں دے سکتے، جس دن سے مستقلی ہوئی اس دن سے مراعات دے سکتے۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے محکمہ تعلیم کی اپیل خارج کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں