احسن اقبال

زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیج استعمال کرنا ہونگے،احسن اقبال

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی زرعی پیداوار کو نئے مواقعوں اور آنے والے خطرات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا،زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیج استعمال کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایگریکلچر انوسٹمنٹ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نجی سیکٹر کی ذمہ داری ہے کہ وہ برآمدات کے شعبے میں مستعد کردار ادا کرے۔

احسن اقبال نے کہا کہ لائیو سٹاک ، پھولوں اور کھجور کی صنعت میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،حکومت نجی شعبے کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے زرعی شعبے، نجی سرمایہ کار اور ملحقہ اداروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظرپائیدار زرعی حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بحیثیت ایک زرعی ملک ہونے کے ناطے زرعی مصنوعات کی برآمدات میں استعداد رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے نجی سیکٹر کو زرعی برآمدات بڑھانے میں مستعد کردار ادا کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سال 15ـ2014 میں معاشی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے اقدامات اٹھائے، پاکستان سال 2018 میں گندم، چینی اورکپاس کے شعبے میں خودکفیل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیری مصنوعات کی پیداوارمیں پاکستان کا دنیا میں پانچواں نمبر ہے،ہمیں اس شعبے پربھی خصوصی توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے پاکستان کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان کوماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر پائیدارحکمت عملی اپنانا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں