رانا ثناء اللہ

حکمرانوں کو اب ہر احتجاج کرنے والے میں نوازشریف نظر آرہا ہے’رانا ثناء اللہ

لاہور(عکس آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر راناثنا اللہ نے کسانوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکمرانوں کو اب ہر احتجاج کرنے والے میں نوازشریف نظر آرہا ہے،کسانوں پر شیلنگ اور کیمیکل سپرے کا استعمال ناقابل برداشت ہے،پنجاب کا کسان زراعت دشمن پالیسیوں کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

انہوںنے کہاکہ بنی گالہ سے لاٹھی چارج کے احکامات جاری ہورہے ہیں۔راجہ بشارت جھوٹ بول رہے ہیں کسانوں سے مذاکرات کامیاب نہیں ہوئے،انہی کسانوں کی وجہ سے پاکستان زرعی طور پر خودکفیل ہے۔جس طرح اس حکومت نے ہر شعبے کی تباہی کی اسی طرح زراعت بھی تباہی کے دہانے پر ہے۔شہبازشریف نے اپنے دور میں کسانوں کو سو ارب کا تاریخی پیکج دیا۔

پنجاب کا کسان آج شہبازشریف جیسی لیڈرشپ کو دوبارہ یاد کررہا ہے۔انہوںنے کہاکہ پنجاب پولیس عمران نیازی کی ذاتی فورس بننے کی کوشش نہ کرے۔عوام کے محافظ عوام کی جان و مال کے تحفظ کا حلف اٹھاتے ہیں۔پولیس اہلکار حکومت کے غیر قانونی احکامات ماننے سے انکار کریںاور اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ڈیوٹی سر انجام دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں