ملک نعمان لنگڑیال

اپوزیشن اپنی سیاسی بقاء کے لئے قومی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹے ‘ ملک نعمان لنگڑیال

لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہا ہے کہ جاتی امراء میں ہونے والے اجلاس میں لوٹ مار ایسوسی ایشن کا اتحاد پارہ پارہ ہو چکا ہے تاہم سیاسی طو رپر اپنی عزت بچانے کیلئے اتحاد کے بر قرار ہونے کا تاثر دیا جارہا ہے ، پی ڈی ایم کی ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹ گئی ہے اور یہ سب پرانی تنخواہ پر ہی کام کریں گے،وزیر اعظم عمران خان ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے بیج کو نا پید کرنے کیلئے پر عزم ہیں ،اپوزیشن اپنی سیاسی بقاء کیلئے قومی اداروں کو سیاست میں نہ گھسیٹے ،عوام نے حکومت کو پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے ،مقررہ مدت کے بعد انتخابی میدان سجے گا اوراپوزیشن اپنے گھوڑا دوڑا لے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جس نے بھی ملک و قوم کی دولت لوٹی ہے اسے احتساب کے عمل سے گزرنا پڑے گا ،قومی احتساب بیورو حکومت کے زیراثر نہیں بلکہ خود مختار ادارہ ہے لیکن اپوزیشن بے بنیاد پراپیگنڈے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنا چاہتی ہے جس میں اسے ناکامی ہی ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح فیصلہ ہے کہ ہم نے ملک سے ہر طرح کی کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے اور اس کیلئے اس کے بیج کو نا پید کیا جائے گا ، اس کی راہ میں مزاحمت کرنے والوں کو آئین وقان کے شکنجے میں لیا جائے گا ۔ ملک نعمان لنگڑیال نے کہا کہ مریم صفدر کے اپنے چچا اور کزن کااستعفیٰ آج تک سامنے نہیں آیا او ریہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تمام اراکین قو می و صوبائی اسمبلی نے انہیں استعفے دیدئیے ہیں جو عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں