شہبازگل

امپورٹڈ حکومت بھی مان گئی کہ عمران خان نے ن لیگ سے زیادہ ترقی کی، شہباز گل

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت بھی مان گئی کہ عمران خان نے ن لیگ سے زیادہ ترقی کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں شہباز گل نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت بھی مان گئی ہے کہ عمران خان کے 4 سالہ دور میں ن لیگ کے 5 سالہ دور سے زیادہ ترقی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ ن لیگ نے 5 سالوں میں جی ڈی پی میں 259 ارب ڈالر میں 55 ارب کا اضافہ کر کے 314 ارب ڈالر کیا۔ شہباز گل نے کہا کہ عمران خان کے 4 سالوں میں، جی ڈی پی 314 ارب میں 68 ارب کا اضافہ کر کے 383 ارب ڈالر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈوں کٹوں کا مذاق اڑانے والے خود تحریک انصاف حکومت کی کارکردگی شیئر کر رہے ہیں کہ باقی تمام سیکٹرز کے ساتھ ساتھ دیہی معیشت نے بھی بے مثال ترقی کی جو کہ ہدف سے بھی زائد رہی۔ انکا کہنا ہے کہ لنگر خانے نہیں کارخانے کے ڈائیلاگ بولنے والے آج بتا رہے ہیں کہ لنگر خانے بھی چلے اور اسکے ساتھ ساتھ صنعتوں نے بھی بے مثال ترقی کی۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ تاریخ کی بلند ترین لارج اسکیل مینوفیکچرنگ ہوئی پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ کارخانے لگے اور چلے پاکستان کی تاریخ کے بلند ترین تعداد میں ملک میں موبائل فون تیار ہوئے، قرضوں اور بیروزگاری میں کمی ہوئی ایکسپورٹ میں بے مثال اضافہ ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں