ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

آج اپوزیشن پر نہیں ایک دوسرے پر عدم اعتماد کر رہے ہیں، فردوس عاشق اعوان

لاہور (عکس آن لائن) معاون خصوصی برائے پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج اپوزیشن پر نہیں ایک دوسرے پر عدم اعتماد کر رہے ہیں،اپوزیشن کے صفوں کے اندر جو ہلچل اور عدم اعتماد ہے وہ انہیں لے ڈوبے گا،31جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی اور وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی بات کی تھی،31جنوری گزر گئی لیکن حکومت کاعوام دوست سفر جاری ہے،فضل الرحمان کا جو تاریخی یوٹرن ہے وہ آصف زرداری، بلاول زرداری کے حالیہ بیانات اس بات کی عکاسی ہے کہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے۔

منگل کو معاون خصوصی برائے پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت عوام کو سہولتیں دی جا رہی ہیں، حکومت کی اولین ترجیح عوام کی خدمت ہے، تعلیمی شعبے میں اصلاحات کےلئے حکومت اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 31جنوری گزر گئی لیکن حکومت کاعوام دوست سفر جاری ہے اور رنگ بدلتے بیانیے اپوزیشن کو تباہ کر دیں گے، اپوزیشن نے 31جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی اور وزیراعظم کو گھر بھیجنے کی بات کی تھی،31جنوری اب گزر گئی ہے جبکہ ان کا نوٹس میڈیا کے ذریعے ملا تھا، نوٹس تو ملا لیکن ککھ نہ ہلا اور کچھ ٹس سے مس نہیں ہوا، سینیٹ کے الیکشن اس وقت اپوزیشن ڈبل مائنڈڈ میں ہے،آج اپوزیشن پر نہیں ایک دوسرے پر عدم اعتماد کر رہے ہیں جبکہ سینیٹ کے الیکشن میں عمران خان سرخرو ہوں گے کیونکہ ہم نے کرپشن کو ختم کرنے کےلئے آئینی ترمیم پیش کی ہے اور اب اپوزیشن کا کام ہے کہ ساتھ لے جائیں حکومت اپنے مطلوبہ ہدف سے زیادہ ووٹ لے گی کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ اپوزیشن کے صفوں کے اندر جو ہلچل اور عدم اعتماد ہے وہ انہیں لے ڈوبے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کسی مقصد کےلئے جیتے ہیں وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں رہتے ہیں اور جو لوگ ذات کےلئے جیتے ہیں وہ لندن جا کر بھی بڑے بڑے ایون فیلڈ محلوں میں زندہ رہ کر بھی عوام کے دلوں میں مر جاتے ہیں، اس لئے ہمیں محلوں میں زندہ رہنے والوں نہیں، ہمیں عوام کے دلوں میں زندہ رہنے کو پرموٹ کرنا ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پوری قوم یہ جانتی ہے کہ فضل الرحمان کا جو تاریخی یوٹرن ہے وہ آصف زرداری، بلاول زرداری کے حالیہ بیانات اس بات کی عکاسی ہے کہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہو چکا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں