اشرف بھٹی

کاروبار کیلئے وقت کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ معیشت کیلئے سود مند ثابت ہوگا ، اشرف بھٹی

اسلام آباد (عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ عید الاضحی تک کاروبار کیلئے وقت کی پابندی ختم کرنے کا فیصلہ معیشت کیلئے سود مند ثابت ہوگا ۔پالیسیوں سے آگاہی کیلئے مضبوط روابط ہونے چاہئیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم بار بار مطالبہ کرتے ہیں کہ اس حوالہ سے فوکل پرسنز تعینات کئے جائیں۔اتوار کو اپنے ایک بیا ن میں اشرف بھٹی نے کہا کہ ہم مسلم لیگ(ن) کے سرکردہ رہنماﺅں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے مطالبے کو وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب تک پہنچایا اور عید الاضحی تک کاروباری مراکز میں رات 9بجے مارکیٹیں بند کرنے کی پابندی ختم کی گئی ۔

اس فیصلے سے شدید مالی مشکلات سے دوچار تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ اس سے معیشت کو بھی تقویت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری توانائی بحران سے آگاہ ہے اور ہم نے حکومت کے فیصلے کے خلاف مزاحمت کرنے کی بجائے اس پر من و عن عمل کیا ۔ عید اور دیگر تہوار ایسے مواقع ہیں جس سے صرف تاجر طبقہ ہی نہیں بلکہ ہر طرح کی صنعتیں بھی عروج پکڑتی ہیں ، اگر کاروبار نہیں کھلے گا تو ہم پیشگی تیار کرائے گئے آرڈرز کی ادائیگیاں کیسے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ تاجرتنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھے اور آئندہ کے حوالے سے متفقہ حکمت عملی مرتب کی جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں