میاں نعمان کبیر

مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت شمسی توانائی کے آلات پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کا خاتمہ کرے’میاں نعمان کبیر

لاہور(عکس آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ موسم گرما کے پیش نظر بجلی کا ترسیلی نظام فوری طور پر اپ گریڈ کیا جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں تکنیکی خرابیوں اور بجلی کی طویل بندش سے محفوظ رہا جاسکے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر ، سینئر نائب صدرمیاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ موسم گرما اور تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے ماضی میں بجلی کی طویل بندش کے واقعات پیش آچکے ہیںجن سے محفوظ رہنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید بجلی سسٹم میں آنے کی امید ہے لیکن یہ مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ بجلی کی ترسیل کا موجودہ نظام بالخصوص گرمیوں کے موسم میں اضافی بجلی کی پیداوار کا بوجھ برداشت نہیں کرسکے گا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بجلی کی فراہمی میں بڑا تعطل صنعت و تجارت اور معیشت کو بھاری نقصان پہنچا سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ بجلی کی پیداوار کے منصوبے جلد از جلد مکمل کرے ۔ انہوں نے حکومت پر مزید زور دیا کہ وہ بجلی کے نرخ بھی کم کرے کیونکہ سستی توانائی صنعتی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس شعبہ میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے حکومت شمسی توانائی کے آلات پر ڈیوٹی اور ٹیکسز کا خاتمہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں