فیٹف

فیٹف کی گرے لسٹ سے اخراج پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے’ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کے اخراج پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کا دروازہ کھل سکے گا ،لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش میں شرکت کرنے والے غیر ملکی خریداروں اور مندوبین سے اظہار تشکر اور ان سے مستقبل میں بھی روابط جاری رکھنے کیلئے خطوط ارسال کئے جائیں گے ، پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کی بیرون ممالک موثر مارکیٹنگ کیلئے زیادہ سے زیادہ نمائشوں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے گا جس کیلئے جلد لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے جائزہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ، ایسوسی ایشن کے سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک ،سینئر ممبر ریاض احمد ،سعید خان ،اعجاز الرحمن ، شاہد حسن ،اکبر ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے کہا کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کے اسٹیٹ بینک اوردیگر اداروں سے متعلقہ بہت سے مسائل ہیں ، مطالبہ ہے کہ ہمارے دیرینہ مسائل کو سن کر انہیں حل کیا جائے تاکہ ہماری برآمدات فروغ حاصل کر سکیں جس سے پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسائل کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں کو بھی خطوط ارسال کئے جائیں گے اور قوی امید ہے کہ ہماری گزارشات کو زیر غور لایا جائے گا ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ گزشتہ ماہ لاہور میں ہونے والی کارپٹ کی عالمی نمائش میںغیر ملکی خریداروں کی جانب سے پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کے معیار کو سراہتے ہوئے غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی گئی ہے اورہم نے اس سے کس طرح استفادہ کرنا ہے یہ ہمارے اوپر منحصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کارپٹ کی مصنوعات کی بیرون ممالک مانگ کو دیکھتے ہوئے موثر مارکیٹنگ کیلئے بھرپو رکوششیں کی جائیں گی اور ہمیں امید ہے کہ حکومت کی جانب سے بھی بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں