شاہ محمود قریشی

ترک صدررجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کاحامل ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(عکس آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ترک صدررجب طیب اردوان کا دورہ پاکستان بڑی اہمیت کاحامل ہے ان کے اس دورے سے نئے دورکا آغاز ہوگا اورپاکستان کے ترکی سے تعلقات متاثرہونے کی تمام قیاس آرائیاں دم توڑ جائیں گی۔

ترکی کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخی اور مثالی ہیں اور انشاء اللہ رہیں گے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ ترک صدر کے دورے سے ہم ایک دوسرے کو معاشی طورپر مستحکم کرسکتے ہیں اور اپنے تاریخی تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدل سکتے ہیں ۔ اس سے قبل سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینے کیلئے ہمارے پاس باقاعدہ فریم ورک موجود نہیں تھا اس سلسلے میں ہم کافی عرصے سے گفتگو وشنید میں تھے اب انشاء اللہ وہ گفت و شنید پایہ تکمیل تک پہنچ چکی ہے۔ واثق امید ہے اس دورے میں ہم ایک اسٹرٹیجک اکنامک فریم ورک پر دستخط کردیں گے اور پھر دونوں ممالک معیشت مستحکم کرنے کیلئے ورکنگ گروپ قائم کردیں گے وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم جو اکنامک زون بنارہے ہیں اس میں سرمایہ کاری کی تمام ممالک کودعوت دی ہے اگر ترکی سی پیک میں دلچسپی لے گاتو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔وزیر خارجہ نے کہاکہ کانفرنس میں نہ جانے کے باوجود ملائیشیاء سے ہمارے تعلقات متاثر نہیں ہوئے ۔ وزیراعظم کے ملائیشیاء کے حالیہ دورے نے اس بات کو ثابت کردیا ہے ہمارے تعلقات چٹان کی طرح مضبوط ہیں کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مثالی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ترک ہمارے دوست ہیں وہ ہر بات کوسمجھتے ہیں جب ہم نے ان کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا تو انہوں نے مکمل طورپر ہماری تائید کی اور کہاکہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ترک صدر نے کہاکہ میں خود پاکستان آؤں گا اور ایک بہت بڑے وفدکو ساتھ لاؤ گا ۔ ان کے وفد میں دو ڈھائی سو کاروباری لوگ ہیں ۔ جو یہاں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لیں گے۔ ترکی نے ہمیشہ کشمیر کے مسئلے پر بڑاواضح موقف اختیار کیا ہے اور ان کا یہ موقف برقرارہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں صدر اردوان نے اپنی تقریر میں نہ صرف کشمیر کے مسئلے کا ذکر کیا بلکہ انہوں نے پاکستان کے موقف کی مکمل تائید کی۔ او آئی سی کے کنٹیکٹ گروپ میں مسئلہ کشمیر پر ترک وزیر خارجہ نے جوکردار ادا کیا اس کیلئے میں ان کا بے حد مشکور ہوں۔ انہوں نے میرے موقف کا مکمل ساتھ دیا اور کشمیر کاز کو آگے بڑھانے میں کردارادا کیا ۔ کشمیر پر ترکی کا موقف دوٹوک اورواضح ہے اور وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں