گندم کے کاشتکار

گندم کے کاشتکارآخری آبپاشی مارچ کے آخری ہفتہ تک مکمل کریں، محکمہ زراعت

فیصل آباد(عکس آن لائن) گندم کے کاشتکاروں کو فصل کی آخری آبپاشی مارچ کے آخری ہفتہ تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ کاشتکار 25 مارچ تک فصل کی آخری آبپاشی مکمل کرلیں جبکہ کاشتکاروں کو کانگیاری سے متاثرہ پودے نکالنے کیلئے فصل کا باقاعدہ معائنہ جاری رکھنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہاکہ کاشتکار گندم پر سست تیلے کے حملے کی صورت میں زرعی زہریں ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان کے اثرات اچھے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہاکہ ان زہروں سے ماحول آلودہ ہوتاہے اور صحت کے مسائل سمیت مفید کیڑے بھی ختم ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اگر تیلے کا حملہ شدید ہو تو ٹھنڈے پانی کا سپرے کیاجائے۔ انہوں نے حالیہ بارشوں کو بھی اس ضمن میں انتہائی مفید قراردیتے ہوئے کہاکہ بارش کی وجہ سے بھی گندم میں سست تیلے کی تعداد کافی حد تک کم ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر گندم کی فصل پر چوہوں کا حملہ محسوس ہو تو ان کی تلفی کیلئے زنک فاسفائیڈ کی گولیاں یاڈیٹیا گیس کی ٹکیاں استعمال کی جائیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ ضرورت کے مطابق گندم کی منظور شدہ نئی اقسام کا خالص بیج اپنی کاشتہ فصل سے خود پیداکریں اور منتخب کھیت میں سے غیر اقسام کے پودے نکال دیں۔ انہوں نے کاشتہ فصل سے جڑی بوٹیوں کے علاوہ کانگیاری والے تمام پودے کاٹ کر شاپر میں ڈالنے کے بعد زمین میں دبانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں