سیمی فائنلز

کورونا وائرس پی ایس ایل کوبھی نگل گیا، سیمی فائنلز اور فائنل اچانک ملتوی

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے فوری طور پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020کو ملتوی کردیا ہے۔ لیگ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ چند روز قبل پاکستان چھوڑ کر جانے والے ایک کھلاڑی میں کوروناوائرس کی علامات ظاہر ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کھلاڑی کی اسکریننگ جلد مکمل کرلی جائے گی۔پی سی بی نے ایک ذمہ داراداراے کی حیثیت سے چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے اسکواڈز میں شامل تمام کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف، میچ آفیشلز، فرنچائز مالکان اور پروڈکشن کریو کے ٹیسٹ کے لیے تمام انتظامات کررکھے ہیں۔ پی سی بی نے ان تمام افراد کو ٹیسٹ کی رپورٹ موصول ہونے تک سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات کے باعث پی ایس ایل ملتوی کیا گیا، کورونا پوری دنیا کو متاثر کررہا ہے تو کرکٹ بہت چھوٹی بات ہے، ہم نے پی ایس ایل مکمل کرانے اور اس سے منسلک تمام لوگوں کے تحفظ کے لیے بہت اقدامات کیے، اس کے لیے میچ بھی کم کیے۔ ہم نے تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کا آپشن دیا، سیمی فائنلزمیچز کھیلنے کے لیے تیار تھے، چاروں ٹیمیں تیار تھیں اور فرنچائز نے بھی کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا۔وسیم خان کا کہنا تھا کہ ایک غیر ملکی کھلاڑی میں کورونا کی علامات ہیں، مشتبہ کھلاڑی کاپتہ چلنے کے بعد ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، پی ایس ایل میچز ملتوی کرنے کا مقصد کھلاڑیوں اور آفیشلز کا تحفظ ہے، غیر ملکی کھلاڑی وطن واپس جاچکا ہے، مشتبہ کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔ حالات بہتر ہوں گے تو فرنچائزز سے بات چیت کے بعد مقابلے ہوں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی لیگ میں شامل تمام افراد کے فوری ٹیسٹ کروانے کے لیے سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بدل رہی ہے، اس حوالے سے پی سی بی تمام صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔ وسیم خان نے کہاکہ پی سی بی اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہے، پی سی بی میچ اور نان میچ ڈیز پر احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تھرمل گن سے کھلاڑیوں، آفیشلزاور میڈیا نمائندگان کا بخار باقاعدگی سے چیک کرتا رہا ہے۔چیف ایگزیکٹو نے کہا پی سی بی کا ماننا ہے کہ ایونٹ کو ملتوی کرنے کا یہ بہترین وقت ہے اور اس سے قبل تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے مختلف فیصلے لیے گئے جس میں بند دروازوں میں میچز کروانا ، کھلاڑیوں کو دستبرداری کی آپشن دیئے جانا، ایونٹ کی تاریخوں میں تبدیلی اور ٹورنامنٹ کے ایام کم کرنا شامل تھا۔انہوں نے کہاکہ یقیناََ یہ فیصلہ بھی تمام ٹیموں کے مالکان کی مشاورت سے لیا گیا ہے،پی سی بی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اس وباء سے آگاہی اور نمٹنے میں حکومتی مہم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے کہاکہ پی سی بی پرامید ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں جلد ہر چیز معمول پر آجائے گی اور ہم مداحوں کے لیے کرکٹ واپس لائیں گے۔پی سی بی نے اپنے تمام ڈومیسٹک مقابلے اور کرکٹ سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز غیرملکی کھلاڑیوں کی واپسی کے بعد کھیلنے کو تیار نہیں اس لیے ایونٹ ختم کرنے کا فیصلہ پی سی بی اور فرنچائز مالکان کےاجلاس میں کیا گیا جب کہ پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں