مولی کی کاشت

کاشتکار مولی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں، ترجمان محکمہ زراعت

فیصل آباد (عکس آن لائن) نیچی جگہوں پر پانی زیادہ دیر کھڑا ہونے اور اونچی جگہوں پر کم پانی سے

فصل متاثر ہونے کا خدشہ ہوتاہے لہٰذاکاشتکار مولی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ مولی کی 40دن والی قسم گرمی برداشت کرنے کے علاوہ 40سے55دن

کے دوران برداشت کے قابل ہوجاتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ اگیتی مولی کی کاشت دریا، نہر یا راجباہ کے قریب

زرخیز میرا زمینوں پر کریں تاکہ مولی کی جڑکی بڑھوتری زیادہ ہو اور اچھی کوالٹی کی فصل حاصل ہوسکے۔

انہوں نے بتایاکہ مولی کی کاشت کے وقت منتخب کردہ کھیت کو ہموار کریں کیونکہ نیچی جگہوں پرپانی زیادہ کھڑا

ہونے اور اونچی جگہوں پر کم پانی سے فصل کا اگاؤ اور بڑھوتری متاثر ہوتی ہے اور پیداوار میں کمی واقع

ہوجاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری کے وقت ایک دفعہ گہرا ہل اور دوتین دفعہ عام ہل بمعہ

سہاگہ چلائیں اورزمین کو نرم بھربھرا تیار کرنے کیلئے ایک دفعہ روٹا ویٹر چلائیں ۔انہوں نے کہاکہ زمین کی

تیاری کے بعد اور کھیلیاں نکالنے سے پہلے ایک بوری ڈی اے پی اور ایک بوری سلفیٹ آف پوٹاش فی ایکڑ

استعمال کی جائے کیونکہ پوٹا ش کی کھاد جڑ والی فصلوں کیلئے نہایت ضروری ہے ۔مزید برآں یہ کھاد اگیتی

مولی کو زیادہ درجہ حرارت اور گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مولی کی

فصل 60سینٹی میٹر کی پٹڑیوں کے دونوں کناروں پر بذریعہ چوکا یا کیرا کریں اور اس مقصد کیلئے 3 سے

4کلو گرام بیج فی ایکڑ استعمال کریں تاہم اگر بوائی بذریعہ چھٹہ کرنا مقصود ہوتو 4سے 5کلوگرام بیج میں سے

آدھا بیج کھیت کی لمبائی کے رخ اور آدھا بیج کھیت کے چوڑائی کے رخ یکساں چھٹہ کرکے رجر کے ذریعے

کھیلیاں بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کھیلیاں نکالنے کے بعد کھیت کو ایک ایک کنال کے حصوں میں تقسیم

کرلیں تاکہ پانی لگانے میں آسانی رہے اور وتر کھیلیوں میں برابر سطح پر رہے۔انہوں نے کہاکہ اگیتی کاشتہ

مولی کو پہلا پانی بوائی کے فوراً بعد نہایت احتیاط سے اس طرح لگائیں کہ پانی کھیلیوں کی چوٹی سے

نیچے رہے اور صرف وتر والی نمی بیج تک پہنچے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں