آلوکی فصل

کاشتکاروں آلوکی فصل کے بغور معائنہ اورکسی کیڑے یا بیماری کے حملہ کی صورت میں فوری سپرےکی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آلوکی فصل کا بغور معائنہ کرتے رہیں اور کسی کیڑے یا بیماری کے حملے کی صورت میں فوری مناسب زہروں کا سپرے کیاجائے تاکہ آلوکی فصل کو نقصان سے بچانے سمیت اچھی پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے کہاکہ آبپاشی کا مناسب خیال اور بروقت گوڈی اچھی پیداوار کی فراہمی کی ضامن ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بیج کیلئے بھی آلوکی مخصوص فصل کا باقاعدگی سے معائنہ جاری رکھناچاہیے اور اگر کسی جگہ پر کسی بیماری، کیڑے یا وائرس سے متاثرہ کوئی پودا نظر آئے تو اسے احتیاط سے اکھاڑ کر فوری ضائع کردینا چاہیے تاکہ اس سے دیگر پودے متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت توسیع کاعملہ ہمہ وقت کاشتکاروں کی معاونت کیلئے حاضر ہے لہذا کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ان سے فوری رابطہ کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ برسیم، لوسرن سمیت دیگرچارہ جات کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے فصل کی مناسب دیکھ بھال اور برسیم اور لو سرن کی فصلات کی حسب ضرورت آبپاشی کریں۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار لوسرن کی فصل کو ہر کٹائی کے بعد ایک پانی ضرور لگائیں اسی طرح برسیم اور لوسرن کی کٹائی کے بعد آدھی بوری یوریا فی ایکڑ بوقت آبپاشی ڈالیں۔

انہوں نے کہا کہ برسیم کی فصل کو سردی اور کورے کے دنوں میں ہر ہفتہ بعد ہلکا پانی لگایاجائے کیونکہ اس سے فصل کورے اور سردی کے منفی اثرات کو کم قبول کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چارے کی فصل پر کسی قسم کا سپرے نہ کیاجائے بلکہ فصل کو جلدی کاٹنے کی حکمت عملی اختیار کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں