ڈریپ کی وینٹی لیٹرز

ڈریپ کی وینٹی لیٹرز بنانے والی دوسری کمپنی کی منظوری دے دی

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اعلان کیا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے وینٹی لیٹرز بنانے کے لیے دوسری کمپنی کی منظوری دے دی ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ کراچی کی کمپنی کے ڈیزائن کو صنعتی بنیادوں پر پیداوار کے لیے منظور کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خود انحصاری کے ساتھ ٹیکنالوجی میں جدت لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور پیداواری لائن اور وینٹی لیٹرز برآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے آج مقامی طور پر تیار کردہ وینٹی لیٹرز کے پیداواری پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کو فعال رکھنے کیلئے ہماری سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کی بڑے پیمانے پر پذیرائی ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے این آر ٹی سی اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز کی تیاری پاکستان کےلیے ایک اہم کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،ہم لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں