نیشنل ایکشن پلان

پیپلزپارٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)پیپلزپارٹی نے نیشنل ایکشن پلان پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلط کئے گئے نااہل حکمرانوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان میں امن و امان اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں،وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے،

اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی بجائے ان ورثاء کے زخموں پر مرہم رکھے۔پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے بیان میں کہاکہ بلوچستان میں کان کنوں کے قتل کے خلاف تاحال دھرنا جاری ہے، دھرنے اور مطالبے کے باوجود وزیراعظم کا بلوچستان نہ پہنچنا انتہائی قابل مزمت افسوسناک عمل ہے،نااہل اور بے بس شیخ رشید کو بلوچستان بھیجنا مضحکہ خیز ہے۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کو اسی دن بلوچستان جاکر ورثاء کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہئے تھا، اس صورتحال میں بھی وزیراعظم بلوچستان پہنچنے کی بجائے ترجمانوں کو اپوزیشن کے مقابلے کا ٹاسک سونپنے میں مصروف ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلط کئے گئے نااہل حکمرانوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان میں امن و امان اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سوالات اٹھ رہے ہیں، نفیسہ شاہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ان افسوسناک واقعات کے بعد وزیراعظم کابینہ سمیت دھرنے میں پہنچے تھے، سخت سردی کے باوجود پیپلزپارٹی کے وزیراعظم اور کابینہ ارکان دھرنے کے شرکاء کے ساتھ زمین پر بیٹھے رہے، وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے، اپوزیشن کا مقابلہ کرنے کی بجائے ان ورثاء کے زخموں پر مرہم رکھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں