ٹیلی کام کے شعبہ

پہلی ششماہی کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں 420 ملین ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری

اسلام آباد (عکس آن لائن) گذشتہ دس سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں 420 ملین ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں مالی سال 2018ء کے مقابلہ میں سرمایہ کاری کے حجم میں کمی ہوئی تھی۔

اس طرح گذشتہ دس سالوں کے مقابلہ میں جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران ٹیلی کام کے شعبہ میں سب سے زیادہ ریکارڈ 420 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ رواں مالی سال کے ابتدائی چھ مہینوں کے دوران ٹیلی کام کا شعبہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے والا تیسرا بڑا شعبہ رہا ہے اور اس دوران ملک میں کی جانے والی مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کے 30 فیصد سے زآئد ایف ڈی آئی ٹیلی کام کے شعبہ میں کی گئی ہے۔ ایس بی پی کے مطابق مالی سال 2011ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران شعبہ میں 100 ملین ڈالر کے قریب سرمایہ کاری کی گئی تھی جبکہ مالی سال 2012، 2013ء اور 2014ء کے اسی عرصہ میں سرمایہ کاری کا رجحان منفی رہا تاہم مالی سال 2015ء اور 2016ء میں دوبارہ چھ ماہ کے دوران سرمایہ کاری بڑھی۔

مزید برآں مالی سال 2017ء، 2018ء اور 2019ء کے ابتدائی چھأ ماہ میں سرمایہ کاری کا رجحان منفی رہا جس کے بعد رواں مالی سال میں گذشتہ دس سال کے مقابلہ میں ٹیلی کام کے شعبہ میں 420 ملین ڈالر کی ریکارڈ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں