سرفراز

ٹاپ ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں اب بھارت کا نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بنتا، سرفراز

کراچی ( عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ چھ سات سال میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت کام کیا گیا تھا، ٹاپ ٹیمیں پاکستان آکر کھیل چکی ہیں اب بھارت کا یہاں نہ آنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔جناح کالج گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ایونٹ کا میزبان پاکستان ہے وہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ایشین کرکٹ کونسل کو اس معاملے پر پاکستان کی مدد کرنی چاہیے، تقریباً ہر ٹیم پاکستان آرہی ہے، یہ پاکستان کا حق بنتا ہے کہ جو کرکٹ پاکستان کو ملی وہ پاکستان میں ہی ہو۔سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بہت جدوجہد کی ہے مشکل وقت بھی دیکھا ہے، ملک میں کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ، میڈیا، سکیورٹی فورسز اور ایجنسیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر ہر اس ٹیم کو پاکستان کی سپورٹ کرنی چاہیے جو یہاں آکر کرکٹ کھیل چکی ہے، پاکستان کی مہمان نوازی بہت مشہور ہے اور اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔سابق کپتان نے کہا کہ یہ بات ہی نہیں ہونی چاہیے کہ بھارت پاکستان نہیں آئے گا جس طرح اسٹیو اسمتھ جو روٹ دنیا کے صف اول کے کرکٹر یہاں کھیل کر گئے اسی طرح پاکستان کے لوگ بھارت کو بھی کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں اور پاک بھارت کے میچز دیکھنا چاہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں