شوکت یوسفزئی

ٹائیگر فورس کا قیام وزیراعظم عمران خان کا احسن اقدام ہے، شوکت یوسفزئی

پشاور(عکس آن لائن)خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ٹائیگر فورس کا قیام وزیراعظم عمران خان کا احسن اقدام ہے۔ ٹائیگر فورس میں شامل ہوکر نوجوان پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ یہ جذبہ انتہائی قابل فخر ہے اور اسے میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وہ گزشتہ روز الپوری شانگلہ میں وزیراعظم ریلیف ٹائیگر فورس کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شانگلہ، پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈڈویژن کے سینئر نائب صدر سدید الرحمان، ضلعی صدر وقار احمد خان اور مختلف محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ٹائیگر فورس کے جوانوں سے حلف لیتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے آپ بغیر تنخواہ ،ذاتی فائدے اور لالچ کے قوم کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ اور وزیراعظم کی آواز پر لبیک کہا ہے۔

آپ ایک عظیم کام کرنے جارہے ہیں کیونکہ اس وقت قوم مشکل میں ہے۔ اور مشکل کی گھڑی میں اگر پریشان حال لوگوں کی خدمت کی جائے۔ اور حکومت کے ساتھ مل کر ان کی مدد کی جائے تو یہ بہت بڑی سعادت کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس قوم میں خدمت کرنے کا یہ جذبہ ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ آپ کو حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ جس طرح وزیراعظم عمران خان ذخیراندوزی کے خلاف اقدامات کر رہے ہیں۔ آپ کو بھی ہر چیز پر نظر رکھنی ہوگی۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ حکومت عوام کی مدد کرنا چاہتی ہے مگر وسائل کی کمی آڑے آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو ضلعی انتظامیہ جو بھی ڈیوٹی دے ایمانداری سے کریں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کرونا وائرس کی وباء کے دوران ڈاکٹروں، پیرا میڈکس، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے انتہائی احسن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کی جان بچانیکی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے حکومتی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ کرونا وائرس کافی عرصے تک رہ سکتا ہے اس لیے ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔

ٹائیگر فورس کا قیام بھی اس سلسلے کی کڑی ہے۔ آپ نے لوگوں کو سمجھانا ہے کہ سماجی دوریاں رکھیں، گھروں سے بلا ضرورت باہر نہ نکلیں، ماسک پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں