شیخ وقاص اکرم

پی ٹی آئی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نامزد کردیا

اسلام آباد (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی سیاسی کمیٹی نے شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی نامزد کردیا۔ قومی اسمبلی میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے معاملے پر تحریک انصاف کنفیوژن کا شکار نظر آئی ، پہلے شیر افضل مروت پھر صاحبزادہ حامد رضا جبکہ اب پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے جھنگ سے رکن قومی اسمبلی شیخ وقاص اکرم کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کیلئے نامزدکردیا ،

جس کے لئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو تحریری طور پر بھی آگاہ کریں گے۔ قبل ازیں بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی کا معاملہ قائد حزب اختلاف شبلی فراز کو طے کرنے کی ہدایت کی تھی ، سینیٹر شبلی فراز نے پبلک اکانٹس کمیٹی کی نامزدگی کا معاملہ سیاسی کمیٹی کے سپرد کیا تھا ، جس کے بعد پی ٹی آئی سیاسی کمیٹی میں کثرت رائے سے شیخ وقاص اکرم کا نام فائنل کیا گیا ۔ سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے چئیرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا نے کسی بھی کمیٹی چیئرمین شپ سے معذرت کرلی تھی جبکہ وہ پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام تجویز کرنے والوں میں شامل تھے۔