وفاقی وزیر امور کشمیر

وفاقی وزیر امور کشمیر کا مقبوضہ وادی میں کرونا وائرس کے پھیلائو کے حوالے سے خبروں پر گہری تشویش کا اظہار

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورت حال اورمقبوضہ وادی میں کروانا وائرس کے پھیلائو کے حوالے سے خبروں پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی اور اس ضمن میں معلومات کی رسائی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے۔

انہوںنے کہاکہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ وادی کا مکمل لاک ڈاون کر رکھا ہے اور غیر جانبدار انسانی حقوق اور میڈیا کے اداروں کا مقبوضہ کشمیرمیںداخلہ بند ہے جس سے مقبوضہ کشمیر کے حالات سے متعلق تشویش میں مسلسل اضافہ ہور ہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ بھار ت پچھلے ستر سالوں سے مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی مسلسل کوششیں کررہا ہے اور اُس کے گزشتہ سال کے قابل مذمت اقدامات اس امر کی نشاندہی کررہے ہیں کہ بھار ت مقبوضہ وادی میں مسلمانوں کواقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ اپنے مذموم مقاصدکے لیے نہتے کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے والے بھارتی ریاستی ادارے کورونا وائرس جیسی وباء کے شکار مقبوضہ کشمیر کے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی سے انکار ی ہو سکتے ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ان حالات میں اقوام متحدہ اور ورلڈ ہیلتھ آرگینایزیشن اپنے وفود کو مقبوضہ کشمیر بھیجیں جو اس وباء کی نتیجے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو صحت کی تسلی بخش سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوںکی تمام تر حالا ت میں حمایت جاری رکھیں گے اور ان کی صحت،انسانی حقوق کے تحفظ اور حق خودارادیت کے حصول کے حوالے سے دُنیا کے تمام فورمز پر آواز بلندکرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں