وزیر خارجہ

وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ۔وطن واپسی کے موقع پر پاکستان کے قونصل جنرل احمد امجد علی، ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور امتیاز فیروز گوندل، وزارتِ خارجہ اور یو اے ای کے اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کو ہوائی اڈے پر الوداع کیا ۔

دورہ کے دوران وزیر خارجہ نے یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المختوم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقاتیں کیں۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں اطراف نے متحدہ عرب امارات کی تعمیرو ترقی کے حوالے سے وہاں مقیم پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور اسے دوطرفہ عوامی روابط کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا ۔وزیر خارجہ نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کے مزار پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔وزیر خارجہ نے شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور اس عظیم تہذیبی ورثے کے فن تعمیر کو سراہا اور نماز جمعہ بھی ادا کی ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں پر محیط گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں