نعمان لنگڑیال

وزیر اعظم عمران خان کرپشن کیسز میں نامزد ملزمان کے اکٹھ سے کسی دبائو میں نہیں آئینگے’نعمان لنگڑیال

لاہور (عکس آن لائن)صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ پاکستان ڈاکو موومنٹ کے ٹریڈ مارک پر بننے والا اپوزیشن اتحادقصہ پارینہ بن گیا ، ان کے بیانیے کی عوام کے ہاتھوںدرگت بن چکی ،جیسے جیسے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوب رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپوزیشن کی سازشوں اور پراپیگنڈے کے باوجود ملک کو کامیابی سے لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ، کورونا وائرس کی وباء کے باوجود پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھی ہے ، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے جبکہ دیگر معاشی اشاریے بھی مثبت آرہے ہیں لیکن اقتدار سے دوری کی وجہ سے اپوزیشن کو تسلی ہی نہیں ہو رہی اور ان کی نظر میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنا ہی ترقی کا اصل پیمانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک ”کھایا پیاکچھ نہیں گلاس توڑا بارہ آنے ”کے مصداق اپنے اختتام کو پہنچی اور حکومت پر دبائو بڑھانے کے تمام حربے ناکام رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مضبوط اعصاب کے مالک ہیں وہ کرپشن کیسز میں نامزد ملزمان کے اکٹھ سے ہرگز خوفزدہ ہوں گے اور نہ کسی دبائو میں آئیں گے، وزیر اعظم عمران خان بر ملا کہہ چکے ہیں کہ اپوزیشن سے ہر معاملے پر بات ہو سکتی ہے لیکن ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کو این آر او ملے گا اور نہ احتساب کرنے والے اداروں کی راہ میں کوئی رکاوٹ ڈالی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ انشااللہ عوام کی طاقت سے 2023ء میںتحریک انصاف زیادہ اکثریت سے حکومت میں واپس آئے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں