وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کی شاہ چارلس سے ملاقات،ملکہ کے انتقال پر تعزیت

لندن (نمائندہ عکس)وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں شاہ چارلس سے ملاقات کی اور ملکہ ایلزیبتھ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں بادشاہ کی جانب سے ملکہ کی آخری رسومات کے لیے آنے والے معزز مہمانوں کے لیے استقبالیہ دیا گیا۔ اس دوران شاہ چارلس سوئم سے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی اور ان کی والدہ ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دولت مشترکہ کے ممالک کے شہریوں کے لیے تحریک اور طاقت کا سرچشمہ تھیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی ملکہ ایلزبیتھ کے پاکستان کے 2 دوروں کے ساتھ خوب صورت یادیں وابستہ ہیں اور شاہی خاندان اور پاکستانی قوم کے درمیان پیار و محبت کا رشتہ وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ چارلس سوئم کو تخت نشین ہونے پر نیک خواہشات پیش کیں اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دولت مشترکہ ممالک کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے میں اپنی والدہ کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام شاہ چارلس سوئم کا بہت احترام کرتے ہیں اور ان کی جلد پاکستان آمد اور استقبال کے منتظر ہیں۔ وزیر اعظم نے برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور مدد پر برطانوی بادشاہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ شہبازشریف نے برطانوی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے مدد کی اپیل پر مثبت ردعمل کو بے حد سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں