کورونا صورتحال

وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات، صوبے میں کورونا صورتحال پر بریفنگ

اسلام آباد (عکس آن لائن ) وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی اور صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی۔عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صنعتی عمل کی روانی خصوصاً حکومت کی جانب سے کھولی جانے والی صنعتوں میں حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے کے حوالے سے اقدامات بارے بھی بریف کیا۔دونوں رہنماؤں کے درمیان ذخیرہ اندوزی کے تدارک اور ماہ رمضان کے حوالے سے کیے جانے والے مختلف اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں عمومی صورتحال اور ملک میں کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینیٹر سرفراز بگٹی نے پنجاب میں کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام کو کورونا سے بچانا ہماری حکمت عملی کا محور ہے۔ حکومت پنجاب نے سب سے پہلے کورونا کے خدشے کے پیش نظر پیشگی اقدامات کا آغاز کیا۔ پنجاب جلد روزانہ 10 ہزار کورونا ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت حاصل کر لے گا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں قرنطینہ، آئسولیشن سینٹرز اور فیلڈ ہسپتال قائم کئے جا چکے ہیں۔ کورونا کے مریضوں سے سماجی تعلقات رکھنے والے افراد کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔عثمان بزدار نے کہا کہ نیک نیتی سے دن رات محنت کر رہے ہیں، انشاء-04 اللہ کورونا پر جلد قابو پا لیں گے۔ حکومت پنجاب کورونا کے خلاف جنگ میں دیگر صوبوں سے تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

سینیٹر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لئے قابل تقلید پالیسی اپنائی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بروقت فیصلے کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں