سردارایازصادق

پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے،سردارایازصادق

اسلام آباد (عکس آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات مذہب ، ثقافت ،تاریخ اور باہمی اعتماد و احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں ، دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔تفصیل کے مطابق سپیکرقومی اسمبلی سے قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسی الخاطر نے ملاقات کی ہے ملاقات میں پاک-قطر تعلقات پر اطمینان کا اظہار اور ان کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہناتھا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے درمیان روابط سے دونوں اقوام میں ہم آہنگی کو فروغ ملے گا، سپیکرقومی اسمبلی نے قطر کی مجلس شوری کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کخے دورے کی دعوت دی ۔ انہوں نے کہا کہ قطر کا پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون قابل ستائش ہے ۔

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے وافر مواقع موجود ہیں جن سے قطر کے سرمایہ کار مستفید ہو سکتے ہیں ۔ قطرکے سفیر نے اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی کے قطر کی عوام اور حکومت کے لیے نیک تمناﺅں پر اظہار تشکرکیا ۔انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قطر کی عوام اور حکومت ایک ترقی یافتہ پاکستان دیکھنے کے خواہاں ہیں، علی مبارک علی عیسی الخاطرکا کہناتھا کہ قطر کی تاجر برادری پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ قطری سفیر نے اپنی حکومت کی جانب سے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔