صدر مملکت

صدر مملکت سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات ، مختلف امورپر تبادلہ خیال

اسلام آباد (عکس آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان میں پن بجلی کی بے پناہ صلاحیت کو ترقی کیلئے استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی وسائل کو علاقے کی معاشی خوشحالی کیلئے مکمل طور پر ترقی دینا ہوگی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلبر خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو معدنیات اور جواہرات جیسے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے۔ ملاقات میں صدر مملکت کو گلگت بلتستان حکومت کے ترقیاتی منصوبوں بارے آگاہ کیا گیا۔

انہیں گلگت بلتستان کی عوام کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص تعلیم اور صحت کی سہولیات کی کمی اور بے روزگاری بارے بتایا گیا۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ نے صدر مملکت کو گلگت بلتستان کے دورے اور گلگت بلتستان اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت بھی دی۔ صدر آصف علی زرداری نے گلگت بلتستان کے نوجوانوں کی تربیت اور ہنرمندی کیلئے پروگرام شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو مارکیٹ طلب کے مطابق قابل قدر صلاحیتوں سے لیس کیا جائے۔ صدر مملکت نے کہا کہ علاقے میں جامع اور پائیدار ترقی کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی خود کفالت کیلئے مقامی کاروبار اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ صدر مملکت کا گلگت بلتستان میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی تیز کرنے کی ضرورت ہے اور خطے کے شعبہ تعلیم اور صحت کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے پر توجہ دینا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں