مونگ پھلی

مونگ پھلی کی اوسط پیداوار 10من فی ایکڑ تک پہنچ گئی

مکوآنہ (عکس آن لائن)بارانی علاقوں کی اہم نقد آور فصل مونگ پھلی کی اوسط پیداوار 10من فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے تاہم منظورشدہ اقسام کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے کاشت کے باعث اس صلاحیت کو 40من فی ایکڑ تک پہنچایاجاسکتاہے۔ ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے مطابق مونگ پھلی کی برداشت اس وقت کرنی چاہیے جب اس کی 75 سے 80فیصد تک پھلیاں پک کر چھلکے کا اندرونی حصہ گہرے بھورے اور گری کا رنگ گلابی ہو جائے۔

انہوں نے بتایاکہ مونگ پھلی کی برداشت اگر ٹریکٹرڈِگر کی مدد سے کی جائے تو فصل کا ضیاع کم سے کم ہوتا ہے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا ہے تاہم اگر ٹریکٹر ڈِگر دستیاب نہ ہو تو کسَی یا کسولہ کی مدد سے پودوں کو اکھاڑکر ان پودوں سے پھلیاں الگ کر لیں اور زمین پربکھر جانے والی پھلیوں کو بھی جلد سے جلد اکٹھاکرلیں تا کہ نمی کی وجہ سے اس کی رنگت متاثر نہ ہو۔

انہوں نے بتایاکہ پھلیوں کو خشک کرنے کیلئے ایک ہفتہ کیلئے صاف اور سخت جگہ پر دھوپ میں بکھیر دیں کیونکہ پھلیوں کو ڈھیریوں کی شکل میں رکھنے سے بھی ان کی رنگت متاثر ہوتی ہے نیز بارش، نمی اور شبنم وغیرہ سے پھلیوں کی حفاظت کریں کیونکہ ان کی وجہ سے کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مونگ پھلی کے زیر کاشت کل رقبہ کا 92فیصد پنجاب میں اورپنجاب میں زیر کاشت کل رقبہ کا 87فیصد راولپنڈی ڈویژن میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں