پیاز

فیصل آباد،کاشتکاروں کوستمبرمیں پیاز کی قسم پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن):ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو رواں ماہ پیاز کی قسم پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ کاشتکار پیازکی دیسی اقسام فیصل آباد اگیتی، نسرپوری، ڈارک ریڈ، دیسی سرخ اورپیاز کی دوغلی اقسام ریڈ کمانڈر یا ریڈ بون اور روزیٹا بھی کاشت کرسکتے ہیں۔ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمیدنے بتایا کہ پیاز کی نفع بخش کاشت میں اس کی مناسب وقت پر کاشت،جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی، نقصان رساں کیڑوں بالخصوص تھرپس اور نقصان رساں بیماریوں (روئیں دار پھپھوندی اور پرپل بلاچ) کا کنٹرول زیادہ اہم ہیں۔انہوں نے بتایاکہ ستمبر میں پھلکارا کی اگیتی نرسری کی کاشت اور دسمبر اور جنوری میں فصل کی مارکیٹنگ سے زیادہ منافع حاصل ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ دوغلی اقسام کی پیداواری صلاحیت 500سے600من فی ایکڑ تک ریکارڈ کی جاچکی ہیں۔انہو ں نے کہاکہ کاشتکاروسطی پنجاب میں پیاز کی اکتوبراور نومبر میں کاشتہ نرسری کو دسمبر اور جنوری میں کھیت میں منتقل کریں جبکہ ایک ایکڑ رقبہ پر پیاز کی کاشت کیلئے 3کلوگرام بیج اور 4سے 5مرلہ زمین پر تیار کی گئی پنیری درکار ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنیری کاشت کرنے کیلئے زمین کو اچھی طرح تیار کریں اور چھوٹی چھوٹی مستطیل نما کیاریاں بنائیں اوران کیاریوں میں 3 انچ کے فاصلے پر ایک انچ گہری لائنیں لگا کر ان میں بیج کاشت کریں اور بیج کے اوپر پتوں کی گلی سڑی کھاد ڈال دیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاربیج بونے کے بعد کیاریوں کو سرکنڈا یا پرالی وغیرہ سے ڈھانپ دیں اور فوارے کی مدد سے اس طرح آبپاشی کریں کہ پانی کیاریوں میں زیادہ دیر کھڑا نہ رہے اور صرف نمی برقرار رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں