فواد چوہدری

فواد چوہدری کو ہائیکورٹ کے احکامات پر پیش نہ کرنے کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما فوادچوہدری کو لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود پیش نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست میں آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 25جنوری کو ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کو عدالت پیش کرنے کے احکامات دیئے تھے، اسلام آباد پولیس نے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا، احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، عدالت متعلقہ افسران اور حکام کو قرار واقعی سزا دینے کا حکم دے۔واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی بازیابی کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی تھی۔عدالت نے فواد چوہدری کو پیش نہ کرنے پر آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد کو 25جنوری کو شام 6بجے طلب کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں