مریم اورنگزیب

عمران صاحب تقریروں سے روٹی ، روزگار اور کاروبار نہیں ملتا‘مریم اورنگزیب

لاہور(عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب خود خود کشی کی نہیں اور عوام کو قبر میں سکون کا پیغام ؟عمران صاحب تقریروں سے روٹی ، روزگار اور کاروبار نہیں ملتا، سولہ ماہ میں نواز شریف کا چلتا ہوا نوجوان پروگرام بند کیا، پھر سولہ ماہ بعد اسی پروگرام پہ نئی تختی لگا دی واہ، وزیراعظم نوازشریف کی سکیم کا نام بدلنے سے نوجوانوں کو روزگار نہیں ملے گا۔ وزیراعظم ہنرمندنوجوان کے افتتاح پر جمعرات کو اپنے ردعمل میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب آپ کی تقریروں سے عوام کو روزگار نہیں ملے گا اور نہ ہی مہنگائی کی بلند ترین تاریخی شرح کم ہوگی۔ ان بے سروپا تقریروں سے عوام کو پچاس لاکھ گھر ملیں گے نہ ہی ایک کروڑ نوکری ملے گی۔

آپ کی تقریر سے لوگ بجلی اور گیس کے بل ادا کرنے کے قابل نہیں ہوجائیں گے، نہ ہی غریب کو ہسپتال میں علاج میسرآئے گا اور نہ ہی وہ دوائی خرید سکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب بیس سال کنٹینر پہ جو نوکریاں اور گھر بانٹے تھے، سولہ ماہ میں ایک بھی نوکری اور گھر نہیں دیا؟ عمران صاحب انصاف تقریروں سے نہیں ملتا ، اپنے دوستوں کے لئے نیب ترمیمی آرڈیننس اور سیاسی مخالفین سزائے موت کی چکیوں میں؟ مریم اورنگزیب نے کہاکہ عمران صاحب نے لاکھوں نوجوانوں سے روزگار چھین کر انہیں مایوسی و ناامیدی کی دلدل میں پھینک دیا، 16 ماہ میں20 لاکھ نوجوان بیروزگار ہوچکے ہیں ۔ ترقی کی شرح آدھی ہونے سے 30 لاکھ لوگ بے روزگاری کے جہنم میں جاچکے ہیں۔ ترجمان مسم لیگ (ن)نے کہاکہ ہر ماہ ہنرمند پروگرام کا افتتاح کرکے نیا ڈرامہ رچایا جاتا ہے، ڈراموں کی تبدیلی سے حقیقت نہیں بدلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں