گلوکار علی ظفر

علی ظفر کی وزیر اعظم اور وزیراعلی پنجاب سے 15 دن کیلئے مکمل لاک ڈائون کرنے کی اپیل

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے لاہور میں مزید لاک ڈائون کرنے کی اپیل کردی ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ لاہور میں کم از کم 15 دن کیلئے سخت لاک ڈائون کردینا چاہیے کیونکہ پورے شہر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔

علی ظفر نے لکھا کہ ‘اِس وائرس کی وجہ سے اب تک تقریباً 2 ملین یعنی 20 لاکھ کے قریب افراد متاثر ہوچکے ہیں۔گلوکار نے لکھا کہ ‘ہمارے شعبہ صحت پر اِس وائرس کا گہرا اثر پڑ رہا ہے۔

دوسری جانب علی ظفر نے ترجمان پنجاب حکومت عثمان سعید بسرا کو کامیڈین شفاعت علی کو میراثی کہنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔شفاعت علی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے کورونا نتائج مثبت آنے پر اْن کی جلد صحتیابی کے لیے ٹوئٹر پر دعائیہ پیغام جاری کیا تھا۔

کامیڈین شفاعت علی کے ٹوئٹ کا طنزیہ جواب دیتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت عثمان سعید بسرا نے لکھا تھا کہ ‘میراثی ہمیشہ میراثی ہی رہے گا.

عثمان سعید بسرا کے طنزیہ ٹوئٹ پر علی ظفر نے فوری ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ‘ترجمان حکومت پنجاب ہونے کی حیثیت سے عثمان سعید بسرا کو اِس طرح کی باتیں کرنا زیب نہیں دیتا۔

علی ظفر نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘کسی بھی بحث سے پہلے میں یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ میراثی لفظ ‘میراث’ سے نکلا ہے اور اس کا مطلب ہے کہ کسی بھی شخص کو اپنی وراثت میں فنی صلاحیتیں ملی ہوں’۔گلوکار نے لکھا کہ’افسوس یہ ہے کہ ہمارے یہاں لفظ میراثی کو جاہلیت کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں